اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے معروف کاروباری ادارے سجوانی گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات دیرینہ، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں جو اب مضبوط معاشی شراکت داری کی شکل اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں حالیہ عرصے کے دوران نمایاں بہتری آئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورۂ پاکستان سے دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول تشکیل پایا ہے۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح رابطوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، جو مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل جدت، بلاک چین اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس تعاون کو خاص اہمیت دے رہی ہے، جبکہ ڈیجیٹل معیشت میں اماراتی سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی سرمایہ کاری اور عالمی تجربہ، اور پاکستان کی نوجوان افرادی قوت مل کر معاشی ترقی کے لیے موثر شراکت داری ثابت ہو سکتی ہے۔
سجوانی گروپ کے وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی قیادت کی حمایت اور نجی شعبے کے فعال کردار سے پاکستان اور یو اے ای کے معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وفد نے پاکستان میں شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، بعد ازاں وزیراعظم نے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos