کراچی: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سندھ کے تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے جہاں صوبائی وزیر سعید غنی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا اور سندھی اجرک اور ٹوپی پہنائی۔
سہیل آفریدی کو ایئرپورٹ سے ریلی کی صورت میں انصاف ہاؤس لایا گیا جہاں وہ پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے اور پھر کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کریں گے۔
ان کے اس دورے کے دوران وہ باغ جناح کا دورہ کریں گے جہاں اتوار کو تحریک انصاف جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صوبے میں فری موومنٹ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی سندھ آمد پر انھیں مکمل سیکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔

ان کے مطابق حکومتِ سندھ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے درمیان نظریاتی اور سیاسی اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں، تاہم جمہوری معاشروں میں اختلافِ رائے اور تنقید کو برداشت کیا جاتا ہے۔ اگر پی ٹی آئی تنقید کرتی ہے تو اسے اس کا حق حاصل ہے اور پیپلز پارٹی بھی سیاسی انداز میں اس کا جواب دینے کا حق رکھتی ہے۔‘
تحریک انصاف کے شیڈیول کے مطابق سہیل آفریدی کراچی کے علاوہ حیدرآباد اور میرپورخاص کا بھی دورہ کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos