اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں ڈسپلن نہیں، ہر 100 بندے کا ایک لیڈر ہے۔
لاہور بار کے صدارتی امیدوار کے کیمپ میں وکلا سے خطاب میں محمود اچکزئی نے کہا کہ کل جلوس بہت بڑا تھا لیکن ایک بھی اسپیکر اور مائیک نہیں تھا، ہم پی ٹی آئی کے مشکل وقت کے ساتھی ہیں، ہم یہاں عہدوں کے لیےنہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ڈسپلن نہیں، ہر 100 بندے کا ایک لیڈر ہے، ہمیں یہ کہا گیا ہے کہ ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دینا ہے۔اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں تحریکوں کے وارث ہیں، اگر کوئی غلطی مانے گا تو مذاکرات ہوسکتے ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے کارکنوں کو 8 فروری کو احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آج تک کسی جرنیل، جج یا سیاست دان کو آئین کی خلاف ورزی پر سزا نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ آج جو حالات ہیں کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہماری خواتین آزاد ہیں، مردوں میں آج بھی تاثر ہے کہ عورت کی عقل کم ہے، صرف دوپٹہ پہنانا اور بازاروں میں جانے سے عورت کے حقوق سے جان نہیں چھڑائی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ خدا نے عورت کو اس کی حیثیت دی ہے کہ جنت ماں کے قدموں میں ہے لیکن آج بلوچ سردار، پنجابی چوہدری، سندھی وڈیرے اور پشتون عورت کو اس کا حق نہیں دیتے، عورت اپنے باپ کے حکم پر ہر طرح کے مرد کے ساتھ گزارا کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو عوم کے حق پر ڈاکا مارا گیا، یہاں ظالموں کو پالا جاتا ہے، یہ جھوٹ ہے کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، قلعہ ایسے ہوسکتا ہے کہ اسلام اس قلعے میں قید ہو، اس نظام کو ہم نے منظم ہو کر نکالنا ہے کیونکہ مظلوموں کی تعداد کروڑوں میں ہے جبکہ ظالم لاکھوں میں ہیں۔
احتجاج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ سوشل میڈیا پر اپنے رہنماؤں سے نالاں ہیں، آج سے مہم شروع کریں کہ ایک دن اپنی دکان بند کریں، 8 فروری کو سڑکوں پر نکلیں اور بھنگڑیں ڈالیں، پشتون بھی نکلیں اور سڑکوں پر بھنگڑے ڈالیں۔
قبل ازیں محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ نوازشریف صاحب میرے دوست ہیں لیکن آپ جانتے ہیں کہ آپ غلط کر رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آپ گھر میں اپنی بی بی جان، بیٹی جان اور بچوں کا کیسے سامنا کرتے ہیں، آپ جانتے ہیں کہ آپ الیکشن ہارے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے کمال کر دیا کہ تحریک انصاف جس کے پاس اپنی جماعت کا انتخابی نشان بھی نہیں تھا اس کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر ووٹ دیا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ نہ شہباز شریف سے جھگڑا ہے اور نہ نواز شریف سے جھگڑا ہے، ہماری فوج اور یہاں کے ایجنسیوں سے کوئی جھگڑا ہے۔ دنیا جہاں کی فوجیں جو کر رہی ہیں آپ اسی فریم میں رہیں تو آپ ہمارے بھائی ہیں۔ دنیا کو چلانے کے لیے ایک نظام دیا ہوا ہے اور سب کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے، نظام کو خراب نہ کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos