حکومتِ سندھ نے کراچی میں سڑکوں اور کھلے مقامات پر کچرا جلانے کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ایسے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ فیصلہ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں شہر میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں روزانہ 14 ہزار ٹن سے زائد کچرا پیدا ہوتا ہے، جبکہ صرف ضلع وسطی میں یومیہ تقریباً 3 ہزار ٹن کچرا جمع ہوتا ہے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی کے مطابق حالیہ اجلاس میں ٹاؤن چیئرمینز کی جانب سے کچرا جلانے کے واقعات کی نشاندہی کی گئی، جس پر وزیر بلدیات نے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
طارق نظامانی کا کہنا تھا کہ جہاں بھی کچرا جلانے کے واقعات سامنے آئیں گے وہاں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کمشنر آفس کے ذریعے دفعہ 144 کے نفاذ سمیت مختلف انتظامی اقدامات پہلے ہی جاری ہیں۔
ان کے مطابق بعض افراد لاعلمی میں کچرا جلا دیتے ہیں، حالانکہ اس عمل سے شدید ماحولیاتی آلودگی پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ ذمہ داری ڈی ایم سیز کے پاس تھی، جہاں ہزاروں کچرا کنڈیاں موجود تھیں، تاہم اب دو ہزار پانچ سو سے زائد ایسے واقعات کو روکا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق کچرا جلانے کے خاتمے کے لیے نگرانی اور آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos