پنجاب بھر میں بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات، مختلف شہروں میں پولنگ جاری

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وکلاء کی بار ایسوسی ایشنز کے سالانہ انتخابات کا آغاز ہو چکا ہے، جہاں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ تاہم ڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ کے انتخابات انتظامی وجوہات کی بنا پر مؤخر کر دیے گئے ہیں۔

لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ووٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ بار کی 8 نشستوں پر مجموعی طور پر 27 امیدوار مدِمقابل ہیں جبکہ 15 ہزار 851 رجسٹرڈ وکلاء اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

صدر کی نشست پر ادیب اسلم بھنڈر، شاہد جمال بٹ اور عرفان حیات باجوہ کے درمیان مقابلہ ہے۔ نائب صدر کی مختلف نشستوں، جنرل سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری، فنانس سیکرٹری اور لائبریری سیکرٹری کے عہدوں پر بھی امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

ڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ کے انتخابات الیکشن بورڈ کی ازسرِنو تشکیل کے باعث ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ الیکشن بورڈ کے مطابق ایک ہی دن میں کاغذات اور بیلٹ پیپرز کی جانچ ممکن نہ ہونے کے باعث انتخابات اب 17 جنوری کو کرائے جائیں گے۔ سابق فیصلے کالعدم قرار دے دیے گئے ہیں۔

گوجرہ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں 397 وکلاء ووٹ ڈال رہے ہیں۔ اتحاد گروپ اور جی ڈی اے گروپ کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ میں بھی ووٹنگ جاری ہے، جہاں 3460 وکلاء بائیومیٹرک نظام کے ذریعے ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ صدر کی نشست پر دو جبکہ جنرل سیکرٹری کی نشست پر تین امیدوار میدان میں ہیں، دیگر نشستوں پر بھی سخت مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سالانہ انتخابات برائے 2026-27 کے لیے پولنگ شروع ہو چکی ہے۔ دو امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ دیگر نشستوں پر 27 امیدوار مدِمقابل ہیں۔ صدارت، نائب صدارت، سیکرٹری اور دیگر عہدوں پر سخت مقابلے متوقع ہیں۔

الیکشن بورڈ کے مطابق ووٹ ڈالنے کے لیے پنجاب بار کونسل کا اصل کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔