لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جس کے باعث درجہ حرارت کم سے کم تین ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت پانچ ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ چودہ ڈگری ریکارڈ کیا گیا، تاہم بعض علاقوں میں درجہ حرارت تین ڈگری تک پہنچ گیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے، جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔
شدید دھند کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر ہوا، اور اندرون و بیرون ملک جانے والی 22 پروازیں دو سے پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔ دبئی، جدہ، ابو ظہبی، ریاض، استنبول، دوحہ، کراچی اور شارجہ جانے والی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ حدِ نگاہ کم ہو کر 50 میٹر تک رہ گئی، اور کچھ ایئرلائنز نے حفاظتی وجوہات کے باعث پروازیں معطل کیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پرواز سے قبل تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos