اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سلنڈر حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے وفاقی وزیرصحت، سیکریٹری صحت اور پمز انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور رخمیوں کو مکمل صحت یابی تک ہر ممکن طبی امداد اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا بھی کی۔ وزیرِ اعظم نے سیکریٹری داخلہ کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی۔ انہوں نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے اسلام آباد انتظامیہ کو سلنڈرز کے استعمال میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کابھی اظہار افسوس
دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں گیس سلنڈر دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدرِ مملکت نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔صدر مملکت نے کہا کہ یہ سانحہ نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے، قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ ریگولیٹرز گیس سلنڈرز کی تیاری، معیار اور استعمال سے متعلق حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔صدرِ مملکت نے صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گیس سلنڈرز کے محفوظ استعمال سے متعلق عوامی آگاہی مہم شروع کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos