وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے باغِ جناح کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں حکومتوں کی جانب سے تحریک انصاف کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا، تاہم اس کے باوجود عوام نے تمام رکاوٹیں عبور کر کے جلسے کو کامیاب بنایا۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ سندھ اور خصوصاً کراچی کے عوام کے دل سے شکر گزار ہیں، جنہوں نے بغیر سہولیات کے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کر کے ثابت کیا کہ جلسہ عوامی طاقت سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی نے یہ واضح کر دیا ہے کہ شہر کی نمائندہ جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، وہ آج یہ جلسہ دیکھ لیں۔ جس دن عمران خان نے پیغام دیا، عوام سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہیں اور اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے یہ پیغام ملک بھر میں پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے جلسے میں رکاوٹیں ڈالیں اور سندھی ٹوپی اور اجرک کی بے حرمتی کی، جسے سندھ کےعوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دیگر قوتوں کے ساتھ مل کر آئینی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا اور سندھ میں آمریت قائم کی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو خود کو جمہوریت کا دعویدار کہتے ہیں، وہ درحقیقت جمہوریت پسند نہیں نکلے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عوام ڈی چوک جانے کے لیے تیار ہیں اور صرف عمران خان کی کال کا انتظار ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف کسی کو یہ اجازت نہیں دے گی کہ عوام کے حقوق سلب کیے جائیں یا قوم کے لیڈر کو بلاجواز جیل میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی عمران خان کا حکم ہوگا، پارٹی کارکن اور عوام اس پر عمل کریں گے۔
آخر میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سندھ میں ہونے والی فسطائیت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور عوامی راستے روکنے کی کوششیں تحریک کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos