کراچی:اجتماعی شادیاں،75 ہندو جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے

کراچی میں پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے منعقدہ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں 75 ہندو جوڑے ہندو مذہبی رسومات کے مطابق شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ تقریب میں پنڈت کی موجودگی میں سات پھیرے اور سات وچن کی رسم ادا کی گئی۔

پاکستان ہندو کونسل ہر سال جنوری میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرتی ہے تاکہ کم وسائل والے خاندانوں کو باعزت انداز میں شادی کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ اس سال یہ 19ویں تقریب تھی، جس میں سندھ بھر کے کم آمدنی والے نوجوان جوڑوں نے حصہ لیا۔

تقریب میں ایک ہی گھر کی تین بیٹیاں بھی بیک وقت شادی کے بندھن میں بندھی ہیں۔ اوما، گیتا اور شیلا نے روایتی عروسی جوڑے زیب تن کیے اور اپنے دولہوں کے انتظار میں منڈپ میں موجود رہیں۔ دلہنوں کی تائی نے بتایا کہ موجودہ مہنگائی میں شادی کے اخراجات برداشت کرنا مشکل ہے، اسی لیے تینوں بیٹیوں کی شادی ایک ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تقریب میں کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اضلاع سے آئے ہوئے دولہا دلہن بھی شریک ہوئے۔ پنڈال میں شادی کے گیت گونج رہے تھے، کچھ جگہ رقص کا سماں باندھا گیا، اور دولہا دلہن نے رسومات کے مطابق پھیرے لیے، دلہن کی مانگ بھری گئی، اور دولہا نے منگل سوتر پہنایا۔ آخر میں ور مالا اور سات وچن کی رسم ادا کی گئی۔

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کے مطابق رجسٹریشن سے قبل تصدیق کی جاتی ہے کہ تمام دولہا دلہن کی عمر کم از کم 18 سال ہو، اور ہر سال تقریب میں 125 جوڑوں کا ہدف مقرر کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔