پشاور: صوبائی اسمبلی نے کور کمانڈر پشاور سے سیکیورٹی کی صورتحال پر ان کیمرہ بریفنگ کا مطالبہ کر دیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے پشاور کے کور کمانڈر سے کہا گیا ہے کہ وہ صوبے میں سیکیورٹی سے متعلق خصوصی کمیٹی کو ان کیمرہ بریفنگ دیں۔
صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی ہدایت پرلکھے گئے خط میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، بالخصوص ضم شدہ اضلاع میں جاری سیکیورٹی اقدامات اور درپیش چیلنجز کے تناظر میں خصوصی کمیٹی کے کردار اور مینڈیٹ سے آگاہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی اب تک چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ و قبائلی امور) اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا سمیت اہم اداروں سے تفصیلی بریفنگ حاصل کر چکی ہے، جن کی روشنی میں سفارشات اور اسمبلی میں پیش کی جانے والی رپورٹ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور مشاورتی عمل کے تسلسل میں کور کمانڈر پشاور سے ان کیمرا بریفنگ اہم ہے تاکہ صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جامع اور ہمہ جہت جائزہ لیا جا سکے۔
خیال رہے کہ خصوصی سیکیورٹی کمیٹی کا قیام صوبے میں امن و استحکام سے متعلق جامع پارلیمانی مشاورت کے لیے عمل میں لایا گیا تھا اور اس میں قائدِ ایوان، قائد حزب اختلاف، صوبائی وزرا، پارلیمانی لیڈرز اور مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین شامل ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos