گوگل کے مصنوعی ذہانت سرچ انجن پر صحت سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے کا انکشاف

گوگل نے مصنوعی ذہانت(اے آئی)پر مبنی بعض صحت سے متعلق معلوماتی سمریز اس وقت ہٹا دیں جب برطانوی اخبار گارڈین کی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا کہ یہ سمریز صارفین کو غلط اور گمراہ کن طبی معلومات فراہم کر رہی تھیں جس سے ان کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

تحقیق کے مطابق گوگل کی AI Overviewsجو سرچ نتائج کے آغاز میں کسی سوال یا موضوع کا خلاصہ پیش کرتی ہیں جگر کے خون کے اہم ٹیسٹس سے متعلق غلط معلومات فراہم کر رہی تھیں۔ ماہرین نے ان معلومات کو انتہائی خطرناک اور تشویشناک قرار دیا۔گارڈین کی رپورٹ کے مطابق، جب صارفین نے جگر کے خون کے ٹیسٹس کی نارمل حد سے متعلق سوالات سرچ کیے تو انہیں ایسے اعداد و شمار دکھائے گئے جن میں مناسب طبی وضاحت موجود نہیں تھی ، مریض کی عمر، جنس، نسل یا ملک کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ حدود اصل طبی معیار سے نمایاں طور پر مختلف ہو سکتی تھیں۔

تحقیق سامنے آنے کے بعد گوگل نے what is the normal range for liver blood tests اور what is the normal range for liver function tests جیسے سرچ سوالات کے لیے AI Overviews ہٹا دی ہیں۔

گوگل کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی سرچ کے انفرادی نتائج پر تبصرہ نہیں کرتی، تاہم جہاں اے آئی سمریز میں سیاق و سباق کی کمی ہو وہاں بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر پالیسی کے تحت کارروائی بھی کی جاتی ہے۔

برٹش لیور ٹرسٹ کی ڈائریکٹر کمیونیکیشنز اینڈ پالیسی، وینیسا ہیبڈچ نے گوگل کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثبت قدم ہے تاہم خدشہ ہے کہ اگر سوال کو مختلف انداز میں سرچ کیا جائے تو اب بھی گمراہ کن اے آئی سمریز سامنے آ سکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کینسر اور ذہنی صحت سے متعلق بعض دیگر سرچ سوالات پر بھی گوگل کی اے آئی سمریز تاحال موجود ہیں، جنہیں ماہرین نے بالکل غلط اور انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ ان سمریز میں معتبر ذرائع کے لنکس شامل ہیں اور صارفین کو ماہرین سے رجوع کرنے کی تلقین بھی کی جاتی ہے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا کہ ایسی معلومات سنگین جگر کی بیماری میں مبتلا افراد کو یہ غلط تاثر دے سکتی ہیں کہ ان کے ٹیسٹ نارمل ہیں جس کے نتیجے میں وہ ضروری فالو اپ علاج یا ڈاکٹر سے رجوع کرنے سے گریز کر سکتے ہیں جو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔