کراچی: معروف اور مستند ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے 2026 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی، پاکستان یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 98 نمبر پر ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ درجہ بندی متعلقہ پاسپورٹ پر دنیا بھر میں بغیر ویزا یا کم پابندیوں کے ساتھ سفر کی سہولت کے حوالے سے کی جاتی ہے۔
رواں سال کی فہرست میں ایشیائی ممالک نے سبقت حاصل کر لی، پہلے نمبر پر سنگاپور ، دوسرے پر جاپان اور جنوبی کوریا ہیں۔ سنگاپور کے شہریوں کو دنیا کے 227 میں سے 192 ممالک اور خطوں میں بغیر ویزا یا ویزا آن آرائیول کی سہوت حاصل ہونے کے باعث پہلا نمبر دیا گیا۔
جاپان اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس پر 188 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کیا جا سکتا ہے۔ ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان پاسپورٹس کے حامل افراد 186 ممالک میں بغیر ویزے کے جا سکتے ہیں۔
چوتھے نمبر پر مشترکہ طور پر 10 یورپی ممالک شامل ہیں جن میں جرمنی، فرانس، اٹلی اور نیدرلینڈز نمایاں ہیں۔ ان پاسپورٹس پر بغیر ویزے کے 185 ممالک کا سفر کیا جا سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات پانچویں نمبر پر آ گیا ہے ، 2006 کے بعد یو اے ای نے 149 نئی ویزا فری منزلیں حاصل کیں اور 57 درجے بہتری کے ساتھ اوپر آیا۔
برطانیہ کو گزشتہ ایک سال میں سب سے زیادہ نقصان ہوا اور اب یہ 182 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ امریکا بھی مسلسل نیچے آتا جا رہا ہے۔ اس سال امریکا 10 ویں نمبر پے، اس کے پاسپورٹ پر 179 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کیا جا سکتا ہے۔
فہرست میں سب سے آخری نمبر 101 واں نمبر افغانستان کا ہے ، جس پر صرف 24 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کیا جا سکتا ہے۔افغانستان کے بعد شام اور عراق بالترتیب 100 اور 99 ویں نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 98 نمبر پر ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos