کراچی: سینئر پاکستانی اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر جاوید شیخ نے بشریٰ انصاری کے ایک طنزیہ جملے پر کھل کر ناراضی کا اظہار کیا۔
ایونٹ کے دوران گفتگو میں بشریٰ انصاری نے جاوید شیخ کی ذاتی زندگی، خاص طور پر ان کی شادی اور طلاق سے متعلق ایک بات کو مزاح کے انداز میں چھیڑا جوجاوید شیخ کو ناگوار گزری۔اس تقریب میں بہروز سبزواری، روبینہ اشرف، بشریٰ انصاری اور شبیر جان سمیت دیگر معروف فنکار بھی موجود تھے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں بشریٰ انصاری یہ کہتی نظر آتی ہیں کہ انہوں نے جاوید شیخ کے گھر کو اپنے سامنے بنتے ہوئے بھی دیکھا ہے اور ٹوٹتے ہوئے بھی۔ یہ الگ بات ہے کہ ان کا گھر ان کی وجہ سے نہیں ٹوٹا۔
اس پر جاوید شیخ نے واضح اور سخت لہجے میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی ہوئی شادی یا گھر کسی کے لیے مذاق نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بشریٰ انصاری کی ذاتی زندگی یا ناکام شادی پر بات نہیں کی، اس لیے کسی اور کی ذاتی زندگی پر طنز کرنا مناسب نہیں۔
بشریٰ انصاری اور جاوید شیخ کا شمار پاکستان کے اُن سینئر فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے 1970 اور 1980 کی دہائی میں ایک ساتھ شوبز میں قدم رکھا۔ دونوں نے پی ٹی وی کے سنہری دور میں کئی ڈراموں، مزاحیہ شوز اور تقریبات میں ایک ساتھ کام کیا، جس کے باعث دونوں میں دوستی اور بے تکلفی بھی تھی۔
اس دور میں فنکاروں کے درمیان تعلقات زیادہ گھریلو ہوتے تھے اور بشریٰ انصاری اپنی بے ساختہ گفتگو جبکہ جاوید شیخ اپنے کھلے مزاج کے باعث ایک دوسرے سے کھل کر بات کیا کرتے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos