اسلام آباد میں حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر کے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ مکمل ریلیف سے محروم کر دیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافہ کیا گیا، جس کے باعث عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود صارفین کو اس کا پورا فائدہ نہیں مل سکا۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 79 روپے 62 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 84 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 75 روپے 41 پیسے سے بڑھ کر 76 روپے 21 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اگر پیٹرولیم لیوی میں اضافہ نہ کیا جاتا تو پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 80 پیسے فی لیٹر کمی ممکن تھی، تاہم لیوی بڑھانے کے فیصلے کے باعث عوام اس ریلیف سے محروم رہ گئے۔
دستاویزات کے مطابق مٹی کے تیل پر بھی پیٹرولیم لیوی میں 1 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل پر لیوی 18 روپے 95 پیسے سے بڑھ کر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل پر پیٹرولیم لیوی کی شرح 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
حکومت کے اس فیصلے پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جہاں شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دوران پیٹرولیم لیوی میں اضافہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos