ملک بھر میں شبِ معراج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

ملک بھر میں شبِ معراج نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس بابرکت رات کے موقع پر مساجد میں خصوصی محافل، نوافل اور عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ درود و سلام اور نعت خوانی کی محفلیں سجائی گئیں جبکہ عبادت گزاروں نے طویل قیام، رکوع اور سجدوں کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضری دی۔

علمائے کرام نے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے واقعۂ معراج، اس کی عظمت اور امتِ مسلمہ کے لیے اس کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ محافل میں ملک و قوم کی ترقی، امن و سلامتی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

شبِ معراج وہ عظیم رات ہے جب اللہ رب العزت نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو معراج کا شرف عطا فرمایا اور امتِ مسلمہ کو پانچ وقت کی نماز کا انمول تحفہ دیا۔ اس رات رسول اکرم ﷺ نے مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ تک کا سفر کیا، جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی اقتداء میں نماز ادا کی۔ بعد ازاں آپ ﷺ آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ملاقات کے شرف سے نوازے گئے۔

واقعۂ معراج کا ذکر قرآنِ کریم کی سورۃ الاسراء کی ابتدائی آیات میں موجود ہے۔ اس سفر کے دوران نبی کریم ﷺ کو جنت اور دوزخ کے مناظر دکھائے گئے اور مختلف انبیائے کرام سے ملاقات بھی ہوئی۔ انہی روحانی لمحات کی یاد میں شبِ معراج پر خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔