سی ٹی ڈی کی کارروائیاں،را کے ایجنٹ سمیت 49 دہشت گرد گرفتار
لاہور: دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کیں، جن کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایجنٹ سمیت 49 دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔
حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک ہفتے کے دوران مختلف آپریشنز کیے گئے جن میں لاہور سے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کا ایجنٹ مجتبیٰ بھی گرفتار ہوا۔ اس کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور اہم سرکاری و حساس عمارتوں کے نقشے بھی برآمد ہوئے۔
گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور خودکش جیکٹ بنانے کا سامان بھی حاصل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دہشت گرد عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ایک ماہ کے دوران صوبے بھر میں 6 ہزار 131 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 599 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2 لاکھ 43 ہزار 546 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
یہ کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چکوال، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور فیصل آباد میں کی گئیں۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔