کراچی: گل پلازہ کی آگ 35 گھنٹے گزرنے کے بعد مکمل طور پر بجھا دی گئی، جلی ہوئی عمارت کے ملبے سے مزید 3 لاشیں نکال لی گئی ہیں، آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ 22 زخمی زیر علاج ہیں۔
سانحہ گل پلازہ میں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے جب کہ واقعے کے بعد اب بھی 73 افراد لاپتا ہیں,سندھ حکومت کی ہیلپ ڈیسک کے مطابق کل 70 افراد کے لاپتا ہونے کا اندراج ہوا تھا جب کہ آج مزید 3 افراد کے نام لاپتا افراد کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کی جانب سے عمارت کی پہلی منزل پر آپریشن جاری ہے، تینوں لاشیں عمارت کی پہلی منزل سے ہی ملی ہیں، جن میں بچے سمیت 2 افراد کی لاشیں شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت میں سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ اس سے قبل ایک بچے سمیت 6 افراد کے اعضا ملے تھے۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق پلازہ میں کولنگ کا عمل جاری ہے، کٹر کی مدد سے کھڑکیوں کو کاٹا جارہا ہے، ہتھوڑوں کی مدد سے دیوار کو بھی گرایا جارہا ہے۔
چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت انتہائی مخدوش ہے، زیادہ دیر اندر رہنا خطرے سے خالی نہیں۔ کچھ محفوط مقامات پر ریسکیو کا کام کرکے فوراً باہر آجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پلازہ کی تیسری منزل پر پھنسے کسی شخص کی موجودگی کے امکان پر ریسکیو آپریشن میں اتوار کی رات فائر فائٹرز عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے جلی ہوئی دکانوں میں محدود سرچ آپریشن کیا جس میں ریسکیو ورکرز نے صدائیں لگا لگا کر زندگی کی تلاش کی کوششیں کی اور جائے حادثہ پر تھرمل کیمرے لگادیے گئے، ایک بچے سمیت 3 افراد کے اعضا ملے ہیں، انسانی اعضا سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ سے لاپتہ افراد کے موبائل نمبر حاصل کرلیے ہیں، 26 افراد کے فونز کی آخری لوکیشن گل پلازہ کی آئی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos