بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لینے کا نوٹیفکیشن عدالت میں چیلنج
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو جماعت اسلامی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔عدالت نے دونوں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
جسٹس محمد اعظم خان نے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کی۔ جماعت اسلامی کے امیر نصر اللہ رندھاوا اپنے وکیل چودھری شعیب احمد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 2015 میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے، جن کی پانچ سالہ مدت مکمل ہو چکی ہے۔
قانون کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر نئے انتخابات کا انعقاد لازم ہے۔ لہٰذا، الیکشن کمیشن کے شیڈول کو واپس لینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے اور فوری طور پر انتخابات کرائے جائیں۔
درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی کہ مرکزی کیس 27 جنوری کو مقرر ہے، اس وقت تک الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل کیا جائے، تاہم عدالت نے فوری حکمِ امتناع جاری کرنے سے انکار کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔