اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس داخلی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے نیشنل پولیس اکیڈمی، اسلام آباد کا دورہ کیا اور پولیس سروس آف پاکستان کے افسران سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل نے پولیس شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور امن و امان، قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کے لیے قربان ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پولیس کی قربانیوں اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کے دوران ان کی خدمات کو سراہا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو SHIELD اسکول اور دیگر تربیتی سرگرمیوں، استعداد کار اور جدیدیت کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ASPs) سے ملاقات کے دوران انہوں نے ادارہ جاتی تعاون، جدید پولیسنگ اور عوامی اعتماد کے فروغ پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں پہلی دفاعی لائن ہے، اور مسلح افواج کے بہادر اہلکار اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ سینئر پولیس قیادت نے بھی پیشہ ورانہ صلاحیت اور سلامتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کے عزم کا اعادہ کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos