ہنزہ کی چپورسن وادی میں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی کارروائیاں شروع۔نقصانات کا جائزہ

 

گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) نے بالائی ہنزہ کی چپورسن وادی میں زلزلہ متاثرین کے لیے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور ضروری سامان روانہ کیا ہے۔جی بی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

چیپورسن علاقے میں زلزلے کےمزید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے آغاخان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک نے ہیلی کاپٹرمشن شروع کردیا ۔اس دوران، ہیلی کاپٹر نے دو خواتین کوکو طبی امداد کے لیے گلگت منتقل کر دیا ۔ زلزلے کے نتیجے میں متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی تک آمدورفت بدستور متاثر ہے۔آغا خان ایجنسی برائے ہیبی ٹیٹ (AKAH) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، نصرت نصیب، ایک تکنیکی ٹیم کے ساتھ، چپورسن کے گاؤں زودخون میں موجود ہیں۔ ٹیم املاک کے نقصانات، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات، اور متاثر ین کی فوری انسانی ضروریات کا جائزہ لے رہی ہے، مقامی کمیونٹی اور رضاکاروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔

مزید پڑھیں:زلزلے سے ہنزہ میں تباہی کی تفصیلات سامنے آگئیں،1ہلاکت کی اطلاع،سیکڑوں خاندان کھلے آسمان تلے

 

منگل کو زلزلے کے جھٹکوں نے وادی کی سڑک بھی کئی مقامات پر بند کر دی، جس کے باعث علاقے سے رابطہ منقطع ہو گیا اور کئی خاندانوں کو سردیوں کی ٹھنڈی راتیں کھلے میں گزارنے پر مجبور کر دیا۔حکام نے کہاہے کہ جائزوں کے نتائج سے عارضی پناہ گاہوں، طبی امداد سمیت درکارمطلوبہ ہنگامی امداد کے پیمانے کا تعین کرنے میں مدد ملے گی، رسائی کو بحال کرنے اور کمزور آبادیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

 

سابق وزیر فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف گلگت بلتستان آفتاب حیدر نے زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے نگران حکومت پر زور دیا ہے کہ زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔