وزیر دفاع خواجہ آصف نے کراچی کے تجارتی مرکزمیں تباہ کن آتشزدگی کے تناظرمیں 18ویں ترمیم کو ڈھکوسلا قراردے دیا،قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ سارے اختیارات صوبائی حکومت کو منتقل ہوگئے ہیں، کراچی میں ہونے والے واقعات متقاضی ہیں کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائے۔خواجہ آصف نے سانحہ گل پلازہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آتشزدگی کا واقعہ ہوا، اس پر جتنا افسوس کیا جائےکم ہے۔اگریہی حال رہا تو آخرمیں وزارت دفاع آگ بجھایاکرے گی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم ایک ڈھکوسلا ثابت ہواہے، سارے اختیارات صوبائی حکومت کو منتقل ہوگئے ہیں، اس میں لوکل گورنمنٹ کو بااختیار بنانے کی تجویز تھی، مگر اتفاق ہونے کے باوجود پیچھے ہٹنا پڑا۔، ہم چاہتے تھے کہ گوادر سےگلگت تک ایک تعلیمی نصاب ہو، کراچی میں ہونے والے واقعات متقاضی ہیں کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائے۔جب تک عوام کو اختیارات منتقل نہیں کریں گے یہ ہاؤس بےمعنی رہےگا، ستم ظریفی دیکھیں جب بھی ڈکٹیٹرز آئے انہوں نے بااختیارلوکل گورنمنٹ متعارف کرائی، ہر 5 سال بعد باقاعدگی سے انتخابات ہوتے رہے۔ ہم لوگ الیکشن ہی نہیں کراتے۔ اگر شیڈول آ جائے تو ہمارے صوبائی دارالحکومت کسی نہ کسی حیلے بہانے سے اختیارات نیچے منتقل کرنے سے ہچکچاتے رہتے ہیں۔ بلکہ ایڑی چوٹی کا زور لگاتے ہیں کہ یہ پاور گراس روٹ لیول پر نہ جائے۔ملک اور سسٹم کی بقا کے لیے لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کرنا ہوگا۔چین میں موجودہ صدر ایک سیاسی عمل سے ابھر کر سامنے آئے، لوکل گورنمنٹ سے لیڈرشپ پیدا ہوتی ہے اور ایسے عمل سے آگے بڑھتی ہے، آگ کاواقعہ ہمارے سسٹم کی تباہی کی نشانی ہے، ملک میں عوام کو مضبوط کرنے کے لیے لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کرنا ہوگا، خواہش ہے کہ ایک مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم ہو تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا نظام اب بننا چاہیے تاکہ صوبے سے تحصیل اور وارڈ کی سطح تک اختیارات جائیں، اگر یہی رہا تو پھر آخر میں وزارت دفاع کی فائر بریگیڈ ہی آگ بجھانے کے لیے آئےگی، پاکستان کے استحکام کے لیے اب فیصلے کرنا ہوں گے۔
خواجہ آصف نے خطاب میں کہاکہ کراچی میں آگ بجھانے میں ناکامی اس بات کا ثبوت ہے کہ اس ملک کو ایک ایسے سسٹم کی ضرورت ہے تمام ضلعوں، تحصیلوں، محلوں میں لوکل گورنمنٹ کا نمائندہ ہو اور لوگوں کو شکایت ہو تو وہ اس کے گریبان پر ہاتھ ڈال سکیں۔ اس طرح مسائل حل ہوں گے، لوگ بااختیار ہوں گے۔ انہیں حقوق ملیں گے۔ کراچی کا واقعہ خطرے کی گھنٹی ہے۔ ہمیں کچھ ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ بامعنی آئینی ترمیم منظور کرکے پوری قوم کو بااختیار کرنے کے لیے لوکل گورنمنٹ سسٹم متعارف کرائیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos