حکومتِ چین نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) پاکستان کی چیئرپرسن گلمینہ بلال کو چین گلوبل پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل سرٹیفیکیشن سینٹر کی پہلی چیئرپرسن مقرر کر دیا ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان کو اس عالمی ادارے کی قیادت کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔
دونوں اداروںنے ایک تاریخی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔اس کے تحت بین الاقوامی سطح پر معیاری پیشہ ورانہ اہلیت کے پروگرام پاکستان میں شروع ہو رہے ہیں۔
حکومتِ چین نے چین گلوبل پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل سرٹیفیکیشن سینٹر کو باضابطہ طور پر قائم کر دیا ہے جس میں چین، پاکستان، ازبکستان اور ملائیشیا بطور بانی رکن شامل ہیں۔ آئندہ مرحلے میں خلیجی تعاون کونسل کے ممالک کو بھی اس پلیٹ فارم کا حصہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔گلمینہ بلال اس مرکزکی پہلی سربراہ ہوں گی۔
اس مرکز کے قیام کا مقصد مختلف ممالک کے درمیان پیشہ وارانہ اور تکنیکی مہارتوں اور اسناد کی باہمی تسلیم شدگی کو فروغ دینا، سرٹیفیکیشن کے معیارات کو ہم آہنگ کرنا اور ہنر مند افرادی قوت کی سرحد پار نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔یہ مرکز ایشیا اور مشرقِ وسطی میں مشترکہ سکلز ایکو سسٹم کے قیام کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے رکن ممالک کے درمیان باہمی طور پر تسلیم شدہ تعلیمی اور پیشہ وارانہ اہلیت کے فریم ورک کی تیاری، مہارتوں کی منتقلی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جائے گا۔
چین گلوبل پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل سرٹیفیکیشن سینٹر اجروں، تعلیمی اداروں اور ریگولیٹرز کے اعتماد کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ طلبہ اور پیشہ ور افراد کو علاقائی اور بین الاقوامی لیبر مارکیٹس تک رسائی فراہم کرے گا۔ ادارے کا ایک اہم ہدف یہ بھی ہے کہ شریک ممالک میں طلبہ اور پیشہ ور افراد کی مہارتوں کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا جائے تاکہ روزگار، تربیت اور کیریئر میں ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں کم ہوں اور خطے کی بدلتی ہوئی افرادی قوت کی ضروریات کو موثر انداز میں پورا کیا جا سکے۔
چین گلوبل پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل سرٹیفیکیشن سینٹر آئندہ مرحلوں میں اپنی رکنیت اور شراکت داریوں کو مزید وسعت دے گا اور حکومتوں، سرٹیفیکیشن اداروں، تربیتی تنظیموں اور صنعت سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک قابلِ اعتماد، مربوط اور موثر پیشہ وارانہ سرٹیفیکیشن نظام کے قیام کے لئے کام کرے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos