خبردار!سوشل میڈیا پر غلط کلک آپ کوجیل پہنچا سکتا ہے

 نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے سوشل میڈیا صارفین کے لیے ایک اہم آگاہی پیغام جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایک غلط کلک، غیر محتاط پوسٹ یا بغیر تصدیق مواد شیئر کرنا سنگین قانونی مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔

ایجنسی کے مطابق سوشل میڈیا پر کسی بھی خبر، ویڈیو، تصویر یا لنک کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کی تصدیق نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ این سی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ، ریاستی اداروں یا حساس معاملات سے متعلق جھوٹی یا غیر مصدقہ معلومات پھیلانا قابلِ سزا جرم ہے۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ پیکا ایکٹ کے سیکشن 26 اے کے تحت فیک نیوز یا گمراہ کن معلومات پھیلانے پر تین سال تک قید اور بیس لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نفرت انگیز مواد، افواہوں اور جھوٹی خبروں سے اجتناب کریں اور سوشل میڈیا کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ باخبر اور ذمہ دار رویے سے ہی ڈیجیٹل دنیا کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔