گل پلازہ آگ حادثے کے بعد ملحقہ رمپاپلازہ بھی غیر محفوظ قرار

کراچی(اُمت نیوز) گل پلازہ آگ حادثے کے بعد ملحقہ رمپاپلازہ بھی غیر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے اور دکانداروں کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے رمپاپلازہ کو سیل کر کے کسی بھی سرگرمی پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ایس بی سی اے کے مطابق رمپاپلازہ میں داخلی پلرز کا معائنہ تب ممکن ہوگا جب بیسمنٹ میں موجود گرم پانی نکال دیا جائے گا۔ متاثرہ حصے پر فوری جیک لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عمارت کے استحکام کا جائزہ لیا جا سکے۔

گل پلازہ سانحے کے پانچ دن گزرنے کے بعد بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اب تک ہلاکتیں 28 تک جا پہنچی ہیں جبکہ 85 افراد لاپتہ ہیں اور اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔ متاثرہ افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے کلیکشن کا عمل جاری ہے، اور 18 افراد کے ورثا نے سیمپل فراہم کر دیے ہیں۔

گل پلازہ کے ملبے پر شہری اب بھی اپنے پیاروں کے لیے معجزے کے انتظار میں ہیں جبکہ رمپاپلازہ کے دکانداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ بغیر اجازت کسی بھی کام کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔