کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں اموات کی تعداد 29 ہو گئی جبکہ 80 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا ہے کہ جب تک ایک بھی لاپتا فرد موجود ہے، ملبہ نہیں اٹھایا جا سکتا۔
جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ پلازہ کے گرے ہوئے حصے کی تلاش جاری ہے، عمارت کے درمیان جانے کا راستہ بنایا جا رہا ہے اور مکمل شناخت کے بعد ہی پوری عمارت کو گرا کر ملبہ ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے انفرمیشن ڈیسک قائم ہے اور تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملبے کے اندر ابھی بھی دھواں اور حرارت موجود ہے تاہم کولنگ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جہاں تک پہنچا جا سکا، وہاں سرچ مکمل ہو چکی ہے۔ بلڈنگ سے بھاری سامان اتار لیا گیا ہے اور مشینری کے ساتھ مینولی کام بھی جاری ہے۔
اب تک 28 لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں سے 11 کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 85 شہری لاپتا ہیں اور کچھ نام ڈبل درج ہونے کی وجہ سے جانچ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمپا پلازہ کو عارضی طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور ایس بی سی اے کی رپورٹ کے بعد ہی اس کے خطرناک ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی کا معاملہ ہے اس لیے کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جا رہی اور تکنیکی ٹیم ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ پولیس لاپتا ہونے والے دو ڈمپرز کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos