الیکشن کمیشن نے ملک شفیع کھوکھر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 167 پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک شفیع کھوکھر کی بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 167 کے ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر پانچ امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے، تاہم اشفاق احمد، عطا فرید، عمیر سیف اور محمد گلزار نے بعد ازاں اپنے کاغذات واپس لے لیے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس نشست پر کسی بھی امیدوار نے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کروائے تھے۔

الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں ضمنی انتخاب 4 فروری کو کرانے کے لیے پبلک نوٹس جاری کیا تھا، تاہم تمام امیدواروں کے دستبردار ہونے کے بعد ملک شفیع کھوکھر بلا مقابلہ منتخب قرار پائے، جس کے بعد ان کی کامیابی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ پی پی 167 کی نشست سابق رکن صوبائی اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔