پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے 30 ہزار سے زائد سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے نمائندگان اب روزانہ تین مرتبہ سیفٹی ایپ کے ذریعے اداروں کی سکیورٹی صورتحال اپ ڈیٹ کریں گے۔ اس اقدام سے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی ایک کلک پر مانیٹر کی جا سکے گی۔
سیف سٹی منصوبے کے تحت ورچوئل سینٹر فار ایجوکیشنل سکیورٹی کو بھی باقاعدہ طور پر آپریشنل کر دیا گیا ہے۔ اب تک 30 ہزار تعلیمی اداروں کے ایک لاکھ 30 ہزار اساتذہ اور سکیورٹی اسٹاف کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ اداروں کے عملے کے لیے پبلک سیفٹی ایپ انسٹال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی خطرے یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری الرٹ جاری کیا جائے گا۔ براہ راست نگرانی کے لیے تعلیمی اداروں کے کیمرے سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیے جا رہے ہیں، جبکہ سیف سٹی کے پینک بٹنز کی تنصیب کا عمل بھی آخری مراحل میں ہے۔
حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ورچوئل سینٹر فار ایجوکیشنل سکیورٹی نہ صرف تعلیمی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا بلکہ مختلف واقعات کی تفتیش میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos