امن کمیٹی اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کاتبادلہ،پولیس اہلکارشہید

بنوں میں امن کمیٹی اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق واقعہ بنوں کے علاقے ڈومیل بیزن خیل میں پیش آیا جہاں امن کمیٹی اور عسکریت پسند آمنے سامنے آگئے۔ فائرنگ کے دوران صدام نامی پولیس اہلکار گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ شہید اہلکار سب ڈویژن وزیر میں تعینات تھا اور ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے مین روڈ پر ناکہ بندی کر رکھی تھی جس پر امن کمیٹی کے ساتھ جھڑپ شروع ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بنوں پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی، تاہم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں بعض عسکریت پسندوں کے زخمی یا ہلاک ہونے کا امکان ہے، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔