اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے(CDA) کی جانب سے بری امام، ملپور اور ملحقہ علاقوں میں متوقع آپریشن کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ کے مطابق علاقہ مکینوں کی جانب سے شدید عوامی دباؤ کے باعث انتظامی سطح پر آپریشن کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔عوامی ردِعمل اور مقامی سطح پر پیدا ہونے والی صورتحال کے پیشِ نظر حکام نے وقتی طور پر آپریشن روکنے کو ہی مناسب سمجھا۔ تاہم سی ڈی اے کی جانب سے تاحال کسی نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر عرصہ دراز سے مقیم آبادیوں کے خلاف آپریشن جاری تھا جن میں مسلم کالونی،بری امام کالونی،ملپور،نوری باغ،نور پور شاہان اور بہار کہو کے علاقے شامل ہیں ۔
متاثرین کی جانب سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بھی آئندہ کارروائی سے قبل متاثرین کواعتماد میں لیا جائے اور مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے۔دوسری جانب ترجمان سی ڈی اے شاھد کیانی سے اس حوالے سے رابطہ کیا تو انھوں نے تصدیق یا تردید کر نے سے انکار کر دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos