اتنی بڑی آگ کو شارٹ سرکٹ کا الزام دیکر نہیں چھوڑا جا سکتا،ڈی سی ساؤتھ

کراچی: ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے گل پلازہ آتشزدگی کے حوالے سے کہا ہے کہ اتنی بڑی آگ کو صرف شارٹ سرکٹ کا الزام دے کر نہیں چھوڑا جا سکتا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

ڈی سی ساؤتھ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی یا نہیں، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دروازے بند ہونے یا کھلے ہونے کے حوالے سے بھی گواہوں کے بیانات لیے جا رہے ہیں اور ہر پہلو پر تفتیش کی جا رہی ہے۔

جاوید نبی کھوسو کے مطابق اب تک 55 سے 60 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں سے زیادہ تر کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں، جبکہ کچھ انسانی اعضاء کے لیے مزید اقدامات درکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سالم حصے میں سرچ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ زمین بوس ہونے والے حصے میں سرچ جاری ہے اور مشینری کا استعمال ریسکیو ورکرز کی حفاظت کے لیے کیا جا رہا ہے۔

ڈی سی ساؤتھ نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا کی افواہوں پر بھروسہ نہ کریں اور تحقیقات کے مکمل نتائج کا انتظار کریں۔ جاوید نبی کھوسو کے مطابق اس المناک حادثے میں تقریباً 80 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔