کراچی مسائل پر ایم کیو ایم کا شدید ردعمل،مصطفیٰ کمال کا وفاقی انتظام کا مطالبہ

کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے سانحہ گل پلازہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کو وفاق کے زیر انتظام لانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

کراچی کے بہادرآباد میں ایم کیو ایم کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ سوال اہم ہے کہ کیا سانحہ گل پلازہ آخری سانحہ ہوگا یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بار بار پیش آنے والے حادثات محض واقعات نہیں بلکہ شہر کے باسیوں کے لیے ایک سنگین انسانی المیہ بنتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں آگ کے واقعات، بچوں کا گٹروں میں گر کر جان سے جانا اور دیگر حادثات معمول بن چکے ہیں، جبکہ شہریوں کو صرف تسلیاں دی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شہر ایسا نہیں تھا جیسا آج بنا دیا گیا ہے اور شہری یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل کب نکلے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت سے جب بھی سوال کیا جاتا ہے تو ماضی کے واقعات کا حوالہ دے کر بات کو ٹال دیا جاتا ہے، جو موجودہ مسائل کا جواب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 برس سے ایک ہی جماعت صوبے میں اقتدار میں ہے لیکن شہری مسائل جوں کے توں ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ موجودہ انتظامی نظام اب مؤثر ثابت نہیں ہو رہا۔ انہوں نے ریاستی اداروں سے اپیل کی کہ کراچی کو وفاقی تحویل میں دیا جائے تاکہ شہر کو بہتر انتظام، تحفظ اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی مزید ایسے انتظامی نظام کا بوجھ اٹھانے کا متحمل نہیں ہو سکتا اور اب اس شہر کے لیے فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔