کراچی کے علاقے پاک کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 6 افغان ڈاکو ہلاک ہو گئے ، مقابلے میں پولیس کے چوکی انچارج سمیت 2 اہلکار زخمی ہوگئے ۔
مارے جانے والے ڈاکو ہارون آباد میں گھر کے اندر گھس کر 3 سگے بھائیوں کو فائرنگ کر کے قتل کی واردات میں بھی ملوث تھے ،ڈاکوﺅں کے قبضے سے 6 پستول ، گولیاں ، رائفل اور 2 موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی ہیں ، وزیر داخلہ سندھ نے پولیس کی بروقت کارروائی پر پاک کالونی پولیس کو شاباش دی۔
ترجمان ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس کے مطابق مقابلہ پاک کالونی کے علاقے حسرت موہانی کالونی کے قریب ہوا جبکہ مارے جانے والے 6 میں سے 4 افغان ڈاکوﺅں کی شناخت نقیب اللہ ، عبدالباری ، اللہ داد اور محبیب اللہ کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر 2 کی شناحت کے حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔
مارے جانے والے افغان ڈاکو 3 مقتولین بھائیوں کے قتل میں ملوث تھے جبکہ ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے چوکی انچارج جان شیر اور ایک پولیس اہلکار بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوا ،ڈاکوﺅں کا گروہ متعدد ہائوس رابری ، ڈکیتی اور شہریوں سے رقم چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھا جبکہ مارے جانے والے ڈاکوﺅں پر ڈکیتی ، اقدام قتل ، پولیس پر فائرنگ اور اسلحے کے مقدمات درج ہیں ، مذکورہ افغان ڈکیت گروہ کے دیگر 2 ملزمان ولی اور حیات پاک کالونی پولیس کے ہاتھوں پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں۔
پولیس نے ہلاک ہونے والے 6 ڈاکوﺅں کی لاشوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
امجد شیخ نے کہا کہ ہلاک ڈاکو گھروں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، ملزمان پر ڈکیتی کے دوران خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا بھی الزام ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos