آزادکشمیر میں انتہائی سستی بجلی کے لامحددو استعمال سے ترسیلی نظام شدید متاثر ہوگیاہے ،ٹرانسفارمرجلنے لگے، بریک ڈائون روز کامعمول بن چکاہے، محکمہء برقیات نے صورت حال کو نہایت ناخوشگوار صورت حال قراردیتے ہوئے انتہائی ارزاں نرخوں پر نظرثانی کا انتباہ دے دیا۔
محکمہ برقیات آزادکشمیر کی جانب سے بجلی کے استعمال کے حوالے سے شہریوں / بجلی صارفین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ سستی بجلی کا ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ استعمال کریں۔
ترجمان محکمہ برقیات کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ عوامی مطالبے پر گھریلو اور تجارتی استعمال کیلئے مقرر کردہ بجلی کے نرخوںمیں خاطر خواہ کمی کی جا چکی ہے۔ اس غیر معمولی کمی سے استعمال میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔ یہ اضافہ، مظفرآباد اور پونچھ ڈویژنوں میں موسم سرما، میرپور ڈویژن میں موسمِ گرما میں اپنی انتہا کو پہنچ جا تا ہے۔ جس کی بنیادی وجہ سردیوں میں بجلی کے ہیٹرز، گیز رز اور سب سے بڑھ کر برقی چولہوں کا استعمال ، موسمِ گرما میں ائیر کنڈیشنرز کا بے دریغ استعمال ہے۔اس صورتحال میں بجلی کی تقسیم کا نظام شدید دبائو کا شکار ہو جاتا ہے اور ٹرانسفارمرز کا جل جانا یا بریک ڈائون روزمرہ کا معمول بن چکا ہے، اس کے نتیجے میںصارفین کو تکلیف اٹھانا پڑتی ہے۔ محکمہ برقیات کے لئے یہ انتہائی ناخوشگوار صورتِ حال ہے۔ محکمے کے انجینئیرز اور ٹیکنیشنز دن رات ایک کرکے ورکشاپوں میں ٹرانسفارمرز کی مرمت کرنے اور برقی رو کی فراہمی کو رواں رکھنے،بحال کرنے پر ہمہ وقت کمر بستہ ہیں۔
محکمہ برقیات کے مطابق آزاد حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بجلی کی تقسیم کے نیٹ ورک کو مستحکم کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کی جانب سے گرانقدر اعانت مہیا کی جارہی ہے۔ اس سب کے باوجود خراب صورت حال میں بہتری اور اصلاح ، صارفین کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔
ترجمان محکمہ برقیات نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے غیر ضروری اور لامحدود استعمال سے گریز کریں۔بِل بروقت جمع کرائیں اور بقایاجات اپنے ذمے نہ چھوڑیں۔کھانا پکانے کیلئے بجلی کے چولہوں کا استعمال ہرگز نہ کریں۔ ایئر کنڈیشنرز کے استعمال میں کفایت شعاری کا مظاہرہ کریں۔ سردیوں میں حرارت کے لئے انورٹر اے سی کا استعمال محدود کرتے ہوئے سونے سے قبل اسے ضروربند کردیں۔ گھروں کی بیرونی طرف غیر ضروری اور نمائشی بلب، سرچ لائیٹ وغیرہ نصب اور استعمال کرنے سے گریز کریں۔بجلی چوری کا ارتکاب کرنے والے ریاست و سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کریں۔ اطلاع دینے والے شہریوں کے نام اور کوائف صیغ راز میں رکھے جائیں گے۔ اس نوعیت کی اطلاع دینے کے لئے مخصوص ہیلپ لائن کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ میٹر نصب نہ ہونے یا خراب ہونے کی صورت میں محکمہ برقیات کے نزدیک ترین دفتر یا حکام سے فوری رابطہ کریں۔
محکمے نے خبردارکیاہےکہ ہم سستی بجلی کا ذمے داری کے ساتھ استعمال یقینی نہ بنا سکے تو یہ خراب صورتحال مزید ابتر ہوتی چلی جائے گی۔ جس کے نتیجے میں بجلی کے موجودہ انتہائی ارزاں نِرخوں پر مجبورا ًنظر ثانی کرنا پڑے گی اور انہیں طلب ورسد کے اصولوں کے مطابق طے کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos