ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، نارتھ ناظم آباد، شادمان ٹاؤن اور اطراف میں موسم اچانک سرد ہو گیا۔
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، مختلف شاہراہوں پر دباؤ بڑھ گیا۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متحرک ہیں جبکہ شہریوں کو اضافی وقت کے ساتھ سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ میانوالی اور گردونواح میں بارش سے موسم سرد ہو گیا، کاشتکاروں کے مطابق یہ بارش گندم کی فصل کے لیے فائدہ مند ہے۔
رائیونڈ اور اطراف میں بارش اور ژالہ باری کے بعد لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہو گئے جس کے باعث سندر روڈ، سلطانکے اور مانگامنڈی سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔
سیالکوٹ میں بارش اور ژالہ باری سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جبکہ کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور پہاڑپور میں ہلکی سے درمیانی بارش سے موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا۔
لواری ٹنل اور اطراف میں بارش اور برفباری جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک پانچ انچ برف پڑ چکی ہے۔ این ایچ اے کی مشینری اپروچ روڈ پر برف ہٹانے میں مصروف ہے جبکہ تمام راستے ٹریفک کے لیے بحال ہیں، تاہم مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
وادی نیلم میں موسم ابر آلود ہے، آٹھمقام میں درجہ حرارت منفی 4، شاردہ منفی 3، کیل منفی 10 اور تاوبٹ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مزید برفباری سے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ زیارت، کان مہترزئی، مسلم باغ، توبہ کاکڑی اور خوجک پاس پر برفباری جاری ہے جبکہ قلات میں موسم سرما کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی، دو انچ سے زائد برف پڑنے سے درجہ حرارت منفی 10 ڈگری تک گر گیا۔
مری میں برفباری کا آغاز ہو چکا ہے، پولیس اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ ہیں جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چمن، کوژک ٹاپ، چترال اور لاسپور میں شدید برفباری سے سڑکیں بند اور موبائل سگنلز متاثر ہوئے ہیں۔
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق بارش کے باعث پشاور، مردان، بنوں، خیبر اور ڈی آئی خان میں درجنوں فیڈرز ٹرپ ہو گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos