گل پلازہ سانحہ:ملبے سےلاشیں نہیں،صرف ہڈیاں مل رہی ہیں،سینئر فائر آفیسر

January 23, 2026 · اہم خبریں, قومی

 

کراچی: گل پلازہ سانحے کے بعد سینئر فائر آفیسر ظفر خان نے کہا ہے کہ ملبے سے اب صرف ہڈیاں مل رہی ہیں اور مکمل لاشیں نہیں نکل رہی ہیں۔

ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ گل پلازہ کے تہہ خانے میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی تھی، جسے فوری طور پر بجھا دیا گیا۔ عمارت کی چھت سے ڈیزل ٹینک اتارنے کے دوران آگ لگ گئی تھی، جسے بھی قابو میں کر لیا گیا۔ ان کے مطابق عمارت کا ڈھانچہ کمزور ہو چکا ہے اور اب صرف سرچ آپریشن باقی رہ گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، جاوید نبی کھوسو نے کہا کہ سرچ آپریشن کے آخری مراحل میں ہے اور آج مکمل ہونے کی توقع ہے۔ یہ کام ایس بی سی اے کی نگرانی میں جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ اسے جلد مکمل کر لیا جائے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے بتایا کہ 67 لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو چکا ہے، جن میں سے 16 کی شناخت ہو گئی ہے۔ 6 لاشیں قابل شناخت تھیں، 8 کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے، ایک کی شناخت قومی شناختی کارڈ سے اور ایک کی شناخت گلے میں موجود لاکٹ سے ممکن ہوئی۔

واضح رہے کہ کراچی میں گل پلازہ سانحہ 17 جنوری کی رات پیش آیا، جس میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 67 تک جا پہنچی ہے۔