فائل فوٹو
فائل فوٹو

سانحہ گل پلازہ پر حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ قرارداد منظور

اسلام  آباد:  ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے کراچی میں سانحہ گل پلازہ پر حکومت اور اپوزیشن کی دستخط شدہ مشترکہ  قرارداد پیش  کی گئی۔  اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اس قرارداد پرہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ہم نے اس پر دستخط کیے ہیں۔ سانحہ گل پلازہ ایک سنگین حادثہ تھا۔ ہم اس قرارداد کو سراہتے ہیں۔ یہ ہمارے لیے کسی شہر کا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے۔ وفاقی حکومت بھی امداد فراہم کرے ۔ سارے ملک کے باشندے وہاں رہتے ہیں۔

بعد ازاں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں  سانحہ گل پلازہ پر متفقہ قرارداد منظور کرلی  گئی، جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان گل پلازہ میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کرتا ہے ۔ یہ ایوان گل پلازہ آتشزدگی کے متاثرین سے اظہار یک جہتی کرتا ہے ۔ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ آگ سے بچاؤ کے انتظامات کیے جائیں۔ علاوہ ازیں سانحے کے متاثرین کو معاوضہ دیا جائے ۔

شیری رحمان نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ حادثے سے متعلق تفصیلات سامنے آرہی ہیں ۔ اس موقع پر اقبال آفریدی نے تقریر  میں مداخلت کی کوشش کی، جس پر اسپیکر نے کہا کہ اگر آپ مداخلت کریں گے تو اجلاس ملتوی کردوں گا ۔

شیری رحمن نے تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی اور شہریوں کی مکمل ذمہ داری لیتی ہے ۔ اس معاملے کو سیاست یا لسانیت کا مسئلہ نہ بنایا جائے ۔ یہاں پر فوراً اٹھارویں ترمیم کی بات کردی جاتی ہے ۔ آپ کے وزرا کراچی کو الگ کرنے کی بات کرتے ہیں ۔ ہم نے اس ملک کے لیے قربانیاں دیں، آپ اس وقت کہاں تھے۔ لاشوں پر سیاست نہ کریں آپ کے ووٹ اس سے بڑھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔