ٹانک: پاکستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہجاری ہے تاہم خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں چند ایسے گرم مرطوب مقامات پر بھی ہلکی برفباری ہوئی ہے جہاں عموماً موسم سرما میں برفباری نہیں ہوتی یا یہ عمل طویل عرصے بعد دیکھنے کو ملا ہے۔
اس غیرمتوقع برفباری سے متاثرہ خیبرپختونخوا کے علاقوں میں جنڈولہ (ضلع ٹانک) اور صدہ (ضلع کرم) شامل ہیں جبکہ بلوچستان میں خاران اور نوشکی جیسے اضلاع کے بعض مقامات پر بھی برسوں بعد برفباری ہوئی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس غیر متوقع برفباری کی بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔

خاران اورنوشکی میں برباری کا منظر
خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک کے قریب نیم قبائلی علاقے جنڈولہ میں پہلی بار برفباری ہوئی جس کی ابتدا جمعرات کی دوپہر کو ہوئی اور یہ سلسلہ گذشتہ رات کو بھی جاری رہا۔ جنڈولہ سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے کارکن پتو لالہ نے بتایا کہ جنڈولہ میں حیران کن طور پر کل دوپہر کو برف گرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے ’کبھی اپنی زندگی میں اس علاقے میں برفباری ہوتی نہیں دیکھی تھی اور کل جو کچھ ہوا وہ حسین اتفاق تھا۔
ڈپٹی کمشنر ٹانک نے بی بی سی کو بتایا کہ ’جنڈولہ سب ڈویژن میں برف پڑی ہے، لیکن یہ بہت زیادہ نہیں ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیا ان کی اطلاعات کے مطابق ماضی میں اس علاقے میں کبھی برفباری ہوئی؟ ڈپٹی کمشنر ٹانک نے کہا کہ ’مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اُن کی یادداشت میں ایسی کوئی بات نہیں کہ اِس علاقے میں کبھی برف پڑی ہو۔
دوسری جانب ضلع کرم میں صدہ اور اس کے قرب و جوار کے علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ہے۔ صدہ ہسپتال میں موجود ڈاکٹر رحیم نے دعویٰ کیا کہ اس علاقے میں آخری برفباری 2016 کے موسم سرما میں ہوئی تھی۔ ’2019 میں بھی تھوڑی سے برف پڑی لیکن کل رات سے یہاں کافی برفباری ہوئی ہے۔‘
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں اب تک سب سے زیادہ برفباری مالم جبہ (38 انچ) میں ہوئی۔ وادی کالام میں اب تک 30 انچ، چترال میں 16 انچ اور پاڑا چنار میں 15 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح صوبہ پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں اب تک ساڑھے 11 انچ برف پڑ چکی ہے جس کے بعد مری جانے والے تمام راستے سیاحوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقوں قلات اور کوئٹہ میں بھی بالترتیب 1.6 اور 1.5 انچ برفباری ہوئی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos