خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر شادی کے تقریب کے دوران دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں قریشی موڑ کے قریب مبینہ دھماکے کی اطلاع پر 7 ایمبولینسز، فائر وہیکل اور ڈیزاسٹر وہیکل نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کیں۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو1122 نے اب تک 5 افراد کے جسد خاکی اور 10 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بعدازاں انہوں نے اپ ڈیٹ میں کہا کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ ہونے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا امن کمیٹی کے رہنماؤں کے گھر میں منعقدہ شادی کی تقریب میں ہوا، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیاگیا۔
ڈی آئی خان دھماکے میں 5افراد جاں بحق ہونے کی اطلاع …ویڈیو میں دھماکہ دیکھا جا سکتا ہے موسیقی کا پروگرام جاری تھا کہ دھماکہ ہو گیا ۔#DIKhan #Blast #Peshawar #Pakistan @AkramRaee @KP_Police1 https://t.co/RmJQLWMjDY pic.twitter.com/LPpHOz1cQX
— 𝑴𝒖𝒎𝒕𝒂𝒛 𝑩𝒂𝒏𝒈𝒂𝒔𝒉 (@BangashMumtaz) January 23, 2026
پولیس، ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈی پی او نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کا سر مل گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈی آئی خان دھماکے کی مذمت کی اور آئی جی پولیس سےواقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، صوبائی حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
ہسپتال ذرائع اور انتظامیہ کی جانب سے زخمی ہونے والے افراد کی ابتدائی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں وارث خان ولد محمد ایاز محسود، نور عالم محسود ولد غلام جیلانی، توحید اللہ ولد حشمت اللہ محسود، رحمان ولد لیاقت علی محسود ،سہیل ولد رحمت اللہ برکی، نذیر اللہ ولد قلندر خان محسود۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کو ایمرجنسی وارڈ میں طبی امداد دی جا رہی ہے، جہاں ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیمیں ان کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کی ہدایت پر ہسپتال کے گردونواح میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos