گل پلازہ سانحہ،عمارت 90 فیصد کلیئر،71 لاشیں برآمد،11 افراد تاحال لاپتہ

کراچی میں گل پلازہ آتشزدگی کے بعد سرچ اور کلیئرنس آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق بھسم شدہ عمارت کو 90 فیصد تک کلیئر کر لیا گیا ہے، جبکہ اب بھی 10 سے 11 افراد کی تلاش جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا ہے کہ بیشتر ملبہ ہٹا دیا گیا ہے اور ریسکیو ٹیمیں باقی حصے کی مکمل جانچ میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے 4 ڈی وی آر بھی برآمد ہوئے ہیں، جن سے واقعے کی وجوہات جاننے میں اہم شواہد ملنے کی توقع ہے۔

ملبہ ہٹانے کے دوران قیمتی سامان بھی ملا، جس میں ڈیڑھ کلو سونا اور ایک دکان کے تہہ خانے سے ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی شامل ہے۔ یہ تمام سامان متعلقہ دکان مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق گل پلازہ سے اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات ہسپتال منتقل کی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لاشیں بری طرح جل جانے کے باعث ڈی این اے کے ذریعے شناخت کا عمل پیچیدہ اور وقت طلب ہے۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے 71 افراد میں سے 20 کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ 13 افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی ہے۔ لاپتہ افراد کی فہرست میں اب بھی 82 افراد کے نام شامل ہیں، جن کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔