بنوں:پولیس موبائل وین پر حملہ ناکام،مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک

 

بنوں میں پولیس نے بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک اور حملے کو ناکام بنا دیا۔ تھانہ ڈومیل کی حدود میں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس کی موبائل وین کو نشانہ بنایا، تاہم فوری جوابی کارروائی کے باعث کوئی بڑا نقصان نہ ہو سکا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ کمپنی روڈ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ڈومیل پولیس کی موبائل وین معمول کے مطابق گشت پر تھی۔ گھات لگائے دہشت گردوں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس اہلکاروں نے مؤثر انداز میں جوابی کارروائی کی۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ تقریباً بیس منٹ تک جاری رہا، جس کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پی اے پی سی، کوئیک رسپانس فورس اور ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کی لاشیں برآمد کی گئیں، جنہیں قانونی کارروائی کے لیے کے جی این اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل طور پر خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب پولیس نے تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے تباہی کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ پولیس کے مطابق ایک سلنڈر میں نصب تقریباً پانچ کلوگرام وزنی بارودی مواد برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔