اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا اور پاسپورٹ درخواستوں، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کے لیے جدید ترین مانیٹرنگ نظام ’’شکرا‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر 24 گھنٹے فعال مانیٹرنگ روم اور کال سینٹر کا آغاز بھی کیا گیا، جبکہ ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹس کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کو سیکیور ہائبرڈ انٹیلیجنس فار نالج بیسڈ ریسپانس اینالیٹکس (شکرا) سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے یومیہ آپریشنز اور عملے کی کارکردگی کی مکمل مانیٹرنگ ممکن ہو گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پاکستان پاسپورٹ سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا گیا ہے اور اب درخواستوں سے لے کر پاسپورٹ کی فراہمی تک ہر مرحلے پر نگرانی ممکن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جدید آٹومیٹک جرمن مشینوں کے ذریعے پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل سے انسانی مداخلت ختم ہو گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی فیچرز ICAO اسٹینڈرڈز کے مطابق اپ گریڈ کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے ای مانیٹرنگ روم، کال سینٹر، فرانزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا بھی دورہ کیا۔ نئے نظام کے تحت دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی، بیک لاگ اور مشینری اسٹیٹس کی نگرانی بھی ممکن ہو گی۔
تقریب میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos