اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبی ذخائر کا تحفظ قومی، ماحولیاتی اور سماجی فلاح کے لیے ناگزیر ہے۔
عالمی دنِ آبی ذخائر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن پاکستان اور دنیا کے لیے آبی ذخائر کے دیرپا تحفظ اور مؤثر انتظام کے عزم کو دہرانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال یہ عالمی دن "آبی ذخائر اور روایتی علم: ثقافتی ورثے کی پاسداری” کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، جو آبی ذخائر کی ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 1971 کے آبی ذخائر کے عالمی معاہدے کا رکن ہے، جس کے تحت نوع انسانی کے لیے پانی کے استعمال اور اس کے تحفظ پر زور دیا جاتا ہے۔ قابل بھروسا آبی ذخائر خشک سالی، سیلاب اور شدید موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اندرونی اور ساحلی آبی ذخائر، جھیلیں، گلیشیئرز اور مینگروو نظام حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پانی کے مؤثر نظم و نسق میں مددگار ہیں۔ آبی ذخائر میں کمی روزگار، خوراک کی قیمتوں اور قدرتی آفات پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ آبی ذخائر کا تحفظ محض ماحولیاتی فریضہ نہیں بلکہ سماجی فلاح و بہبود کا بھی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے انڈس واٹرز ٹریٹی 1960 کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر یقین رکھتا ہے اور پانی کو کسی بھی قسم کے جارحانہ ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کو مسترد کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئیے آج تجدیدِ عہد کریں کہ ہم اپنے آبی ذخائر کو قومی، ماحولیاتی، سماجی اور ثقافتی اثاثہ سمجھتے ہوئے ان کے تحفظ کے لیے بھرپور کوشش کریں گے اور عالمی سطح پر منصفانہ اور پرامن استعمال کو فروغ دیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos