اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان یا کسی سیاسی مسئلے پر بات نہیں ہوئی اور انہوں نے بانی سے ملاقات کا کوئی مطالبہ بھی نہیں کیا۔
وزیراعلیٰ نے پی ایم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات میں بنیادی طور پر دہشت گردی، بلوچستان کے حالات اور صوبے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی اور دیگر بقایاجات کے معاملات پر بھی بات ہوئی، اور وزیراعظم نے احسن اقبال کو ہدایت دی ہے کہ مزمل اسلم سے اس حوالے سے رابطہ کریں۔
میڈیا سے گفتگو کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم پی ایم ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔
قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا، جس میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos