پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد نے وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کی حالیہ ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے وفاق کے ساتھ ملاقات میں سیاسی باتیں نہ کر کے ایک "اچھے بچے” کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے اس موقف پر قائم رہے ہیں کہ صوبے کے مسائل سڑکوں پر نہیں بلکہ متعلقہ فورمز پر وزیر اعظم کے پاس بیٹھ کر حل ہوں گے۔ ڈاکٹر عباد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی ایک چوک اور کبھی دوسرے ڈسٹرکٹ میں گاڑیوں پر چڑھ کر احتجاج کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے مینڈیٹ دے دیا ہے، اس لیے اب لوگوں کو احتجاج کے لیے متحرک کرنے (موبلائزیشن) کے بجائے عملی کام (ڈلیوری) کر کے دکھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر وزیر اعلیٰ اسی طرح سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے تو صوبے کے دیرینہ مسائل حل ہو سکیں گے۔
ڈاکٹر عباد نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ "اچھے بچے” بن کر وفاق سے معاملات طے کریں گے، تو سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کا راستہ ہموار ہوگا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos