لیسکو کا بسنت پلان لاہور ہائیکورٹ میں جمع

لیسکو نے بسنت کے موقع پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور عوامی تحفظ کے لیے 27 نکاتی پلان لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دیا

لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بسنت کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تیار کردہ 27 نکاتی سیفٹی پلان لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بجلی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے لیسکو ہیڈکوارٹر میں سینٹرل کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر قائم کیا جائے گا، جبکہ حکومت کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لیے کمشنر آفس میں ایک کنٹرول روم بھی بنایا جائے گا۔

کنٹرول رومز میں تین شفٹوں کے تحت ایس ڈی اوز 24 گھنٹے موجود رہیں گے، اور داتا دربار ڈویژن میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔

لیسکو انتظامیہ نے بسنت کے دنوں میں تمام آپریشنل اور فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ 132 کے وی کے تمام گرڈ اسٹیشنز پر ایکسین 24 گھنٹے تعینات رہیں گے۔

لاہور کی تمام سب ڈویژنز میں بجلی سے متعلق شکایات کے لیے 111 ہیلپ لائن فعال رہے گی، جبکہ فوری رابطے کے لیے لیسکو کے 136 ایکسین اور ایس ڈی اوز کے نمبر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ شیئر کیے جا چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔