بارکھان: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں پاکستان زندہ باد اور پاک افواج زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کی۔ ریلی میں ہزاروں مقامی شہری شریک ہوئے اور ہاتھوں میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے وطن اور مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ریلی بارکھان سے شروع ہو کر رکھنی تک پہنچی، جہاں صوبائی وزیر نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور اس کے دفاع کے لیے عوام ہر وقت افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کے کسی بھی مکروہ منصوبے کو ناکام بنانے اور ملک کی سلامتی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صوبائی وزیر نے رکھنی کی تاریخی پہچان اور حال ہی میں ڈویژن کا درجہ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ رکھنی کا نام اپنی صدیوں پرانی پہچان کے مطابق برقرار رہے گا۔ انہوں نے بارکھان کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور وعدہ کیا کہ ضلع کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
جلسہ کے اختتام پر صوبائی وزیر اور شرکاء نے پاک افواج کی حمایت اور ملک کی سلامتی کے لیے عہد لیا، جس پر حاضرین نے زوردار لبیک کہا۔ ریلی نے پورے بلوچستان سے ایک واضح پیغام دیا کہ عوام پاکستان کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے خلاف ہیں اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos