پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے اہم معاہدے طے

پاکستان اور قازقستان نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں۔

دستخطوں کی تقریب میں وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف شریک ہوئے، جہاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔

تقریب کے دوران ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے، ریلوے کے شعبے میں تعاون، پلانٹ پروٹیکشن اور ویٹرنری شعبوں سے متعلق دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کان کنی اور پیٹرولیم، اقوامِ متحدہ کے امن مشنز، قیدیوں کے تبادلے، اور میری ٹائم شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتیں بھی طے پائیں۔

اس سے قبل صدر قاسم جومارت توکایووف کے اعزاز میں وزیرِ اعظم ہاؤس میں استقبالیہ منعقد کیا گیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مہمان صدر کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔

استقبالیہ تقریب کے آغاز پر پاکستان اور قازقستان کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کا صدر قاسم جومارت توکایووف نے معائنہ بھی کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر کو اپنی کابینہ کے اراکین سے متعارف کروایا۔

واضح رہے کہ صدر قاسم جومارت توکایووف وزیرِ اعظم پاکستان کی دعوت پر سرکاری دورے پر پاکستان آئے ہیں، اور ان کے ہمراہ سینئر وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد بھی موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔