پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، تجارتی تعاون، توانائی کے شعبے اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سفیر کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی سرمایہ کاروں کو زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور اقتصادی و سماجی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ مذاکرات کا دروازہ ہر وقت کھلا ہونا چاہیے کیونکہ باہمی بات چیت سے بڑے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ایرانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ مشکلات کا مقابلہ بہادری کے ساتھ کیا ہے۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان اور ایران ایک خطہ اور ایک قوم کی طرح ہیں، اور محمد نواز شریف جیسے لیڈر کی عالمی سطح پر اور پاک ایران تعلقات میں رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نواز شریف کی صحت اور حفاظت کے لیے ایرانی قوم کی دعاؤں کا بھی ذکر کیا۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں گہرائی ہے اور فارسی زبان اور طلبہ کے امور میں تعاون پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos