پانچ فروری پاکستان اور کشمیر کے عوام کے لازوال رشتے کی علامت ہے،وزیراعظم آزادکشمیر

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پانچ فروری پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان مضبوط اور لازوال رشتے کی علامت ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا تعلق مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار پر قائم ہے اور اہلِ پاکستان ہر حال میں کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کر لیا تھا اور بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کیا جا چکا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے پانچ اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے اور عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، جبکہ بھارتی پالیسیوں کے باعث علاقائی عدم استحکام میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کیا جاتا رہے گا اور وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت حاصل ہوگا، جبکہ ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کشمیری عوام کی دیرینہ خواہش ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔