پشاور: خیبر پختونخوا میں محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول نے منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 718,060 گرام منشیات ضبط کر لیں۔ یہ کارروائی ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقوں میں دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے عمل میں لائی گئی۔
کارروائی کے دوران 615,500 گرام بھنگ، 18,100 گرام آئس، 70,000 گرام چرس، 1,160 گرام ہیروئن، 13,300 گرام افیون اور 18 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پراونشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو سعود خان گنڈاپور اور ای ٹی او نارکوٹکس کنٹرول ماجد خان کی نگرانی میں کارروائی کی گئی، جبکہ دیگر اہلکاروں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔
صوبائی وزیر سید فخر جہان نے کہا کہ منشیات ڈیلرز اور اسمگلرز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رکھا جائے گا اور صوبے کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos